ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / صنعاء: حوثیوں کے خلاف احتجاجا اسکولوں کی غیر معینہ مدت کی ہڑتال

صنعاء: حوثیوں کے خلاف احتجاجا اسکولوں کی غیر معینہ مدت کی ہڑتال

Mon, 06 Mar 2017 22:43:48    S.O. News Service

صنعاء6مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)یمن کے دارالحکومت صنعاء میں متعدد اسکولوں میں اتوار کے روز سے غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال شروع ہو گئی ہے۔محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق مذکورہ اسکولوں کا کہنا ہے کہ اساتذہ اور انتظامی عملے کی تنخواہوں اور بقایا جات کی ادائیگی تک ہڑتال کا سلسلہ جاری رہے گا۔گزشتہ ماہ کے اواخر میں بھی یمن میں کئی اسکولوں نے تقریبا مکمل ہڑتال کا اعلان کیا تھا تاکہ چھ ماہ سے واجب الادا تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے حوثی اور معزول صالح کی باغی ملیشیاؤں پر دباؤ ڈالا جا سکے۔محکمہ تعلیم کے ذرائع نے بتایا کہ دارالحکومت میں درجنوں سرکاری اسکولوں میں غیر اعلانیہ شکل میں ہڑتال کی سی صورت حال ہے۔ ان اسکولوں کے اکثر اساتذہ غیر حاضر رہتے ہیں جب کہ حوثی نواز اساتذہ تھوڑی سی تعداد میں ملازمت پر آتے ہیں۔یمنی اساتذہ کی انجمن نے کئی روز قبل واضح کیا تھا کہ حوثی ملیشیا کے زیر قبضہ علاقوں ذمار، عمران، صعدہ، الحدیدہ، اِب، البیضاء، ریمہ اور المحویت کے اسکولوں کے مدرسین نے اپنی مالی حالت کے انتہائی ابتر ہو جانے کے بعد تدریس کا عمل جاری رکھنے سے انکار کر دیا ہے۔گزشتہ کئی ماہ سے باغی ملیشیاؤں کی جانب سے اساتذہ کے خلاف کریک ڈاؤن اور تنخواہوں کی ادائیگی کے جھوٹے وعدوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس صورت حال نے اساتذہ کو ہڑتال پر جانے کے لیے مجبور کر دیا۔ایسی معلومات بھی حاصل ہوئی ہیں کہ اس ناگزیدہ صورت حال میں بہت سے اساتذہ اپنے منصب کے لحاظ سے غیر موزوں پیشے اپنانے پر مجبور ہو چکے ہیں تاکہ روزانہ کی بنیاد پر اپنا اور اپنے گھر والوں کا پیٹ پال سکیں۔ ان میں اکثریت شہروں اور نواحی علاقوں میں القات کی بْوٹی فروخت کر رہی ہے جب کہ بعض لوگ دکانوں پر سیلزمین یا تعمیراتی کاموں میں مزدوری کر رہے ہیں۔دوسری جانب صنعاء  یونی ورسٹی میں اساتذہ کی انجمن نے جامع ہڑتال جاری رکھنے کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے رکن اساتذہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یونی ورسٹی کی تمام کلّیات اور شعبوں میں ہڑتال پر عمل درامد کو یقینی بنائیں۔ انجمن نے خبردار کیا ہے کہ ہڑتال کے دوران یونی ورسٹی کے اندر سمسٹر امتحانات کا انعقاد قانونی طور پر کوئی جواز نہیں رکھتا ہے۔


Share: